اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور قوم کی دعاؤں سے ملک نے معاشی استحکام حاصل کیا ہے اور اسی استحکام کی بدولت حکومت نے بجٹ 2026-27 میں عوام کو ریلیف فراہم کیا ہے۔
بجٹ اجلاس کے بعد اپنے بیان میں وزیراعظم نے مشکل حالات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے پر پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ قوم نے معاشی بحالی کے سفر میں بھرپور کردار ادا کیا اور مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے عوام سے وعدہ کیا تھا کہ معاشی استحکام حاصل ہونے کے بعد اس کے ثمرات براہِ راست عام آدمی تک پہنچائے جائیں گے، اور اب خوشحالی کے سفر کا آغاز ہو چکا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مشکل دور کے بعد بہتری اور ریلیف کا جو وعدہ کیا گیا تھا، اس پر عملدرآمد شروع ہو گیا ہے۔ یہ بجٹ عوامی فلاح، معاشی ترقی اور ریلیف کا بجٹ ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے پر بوجھ کم کرنے، برآمدات بڑھانے، زرعی شعبے کی ترقی، صنعتوں کے فروغ، سرمایہ کاری کے اضافے اور معاشی سرگرمیوں کو تیز کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بجٹ کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ معیشت کی مضبوطی کے ثمرات براہِ راست عوام تک منتقل ہوں اور عام شہری کو ریلیف ملے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






