اسلام آباد، حکومت کی جانب سے جاری کفایت شعاری مہم پر عملدرآمد کا جائزہ لینے کے لیے وزیراعظم آفس نے تمام وفاقی وزارتوں اور سرکاری اداروں سے تفصیلی رپورٹس طلب کر لی ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزارتوں اور اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گزشتہ تین ماہ کے دوران بچت کے اقدامات اور حاصل ہونے والے نتائج سے متعلق مکمل اعداد و شمار فراہم کریں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم آفس نے خاص طور پر 60 فیصد سرکاری گاڑیوں کو گراؤنڈ کرنے کے فیصلے کے نتیجے میں ہونے والی بچت کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔
اس کے علاوہ بجلی کے استعمال میں کمی اور توانائی بچت اقدامات کے تحت حاصل ہونے والی بچت کی رپورٹ بھی مانگی گئی ہے۔
وزیراعظم آفس نے تمام وزارتوں اور اداروں کو رواں ماہ کے دوران ہی مطلوبہ تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت جاری کر دی ہے تاکہ کفایت شعاری پالیسی کے عملی نتائج کا جامع جائزہ لیا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے اپنی رپورٹ وزیراعظم آفس کو ارسال کر دی ہے، جس میں ساڑھے 4 ارب روپے کی بچت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب مختلف وزارتوں اور سرکاری اداروں نے بھی بچت مہم پر عملدرآمد سے متعلق رپورٹس کی تیاری کا عمل تیز کر دیا ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ موصول ہونے والی رپورٹس کی بنیاد پر کفایت شعاری مہم کی کامیابی، مزید ممکنہ بچت اور آئندہ لائحہ عمل سے متعلق فیصلے کیے جائیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






