وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ملاقات ہوئی ہے جس میں خطے کی صورتحال، ایران امریکا مذاکرات اور ملک کی داخلی سکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے مطابق یہ ملاقات لاہور میں ہوئی، جس میں وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو اپنے حالیہ دورہ ایران سے متعلق آگاہ کیا اور ایرانی قیادت سے ہونے والی ملاقاتوں پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے اس حوالے سے وزیر داخلہ کو اہم ہدایات بھی جاری کیں۔
ملاقات کے دوران ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات میں پیش رفت پر بھی گفتگو ہوئی جبکہ ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
محسن نقوی نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس سے متعلق بھی وزیراعظم کو آگاہ کیا اور اپنے غیر ملکی دوروں میں ہونے والی ملاقاتوں کی تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے ملک میں امن و امان کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات پر بھی بریفنگ دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اس موقع پر کہا کہ امن و امان کے قیام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطہ اور مربوط حکمت عملی ضروری ہے تاکہ سکیورٹی نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






