کل شام تک آزاد کشمیر کی حدود چھوڑ دیں! حکومت کا فوری حکم

مظفرآباد: آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر نے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے 9 جون کو دی گئی احتجاجی کال کے پیش نظر سیاحوں اور دیگر مسافروں کے لیے سفری ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔

محکمہ اطلاعات کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق سیاحت یا دیگر مقاصد کے لیے آزاد جموں و کشمیر آنے والے افراد سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ 5 جون سے 20 جون 2026 تک آزادکشمیر کا سفر کرنے اور علاقے میں داخل ہونے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی غیر متوقع صورتحال یا ممکنہ پریشانی سے بچا جا سکے۔

حکومتی ایڈوائزری میں اس وقت آزادکشمیر میں موجود سیاحوں اور دیگر افراد سے بھی درخواست کی گئی ہے کہ وہ 5 جون کی شام تک آزادکشمیر کی حدود چھوڑ دیں تاکہ انہیں ممکنہ مشکلات یا سفری رکاوٹوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ ہدایات عوامی سہولت اور تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری کی گئی ہیں، جبکہ صورتحال پر حکومت کی جانب سے مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔

حکام نے شہریوں اور مسافروں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنی سفری منصوبہ بندی کرتے وقت جاری کردہ ایڈوائزری کو مدنظر رکھیں اور متعلقہ اداروں کی ہدایات پر عمل کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close