کراچی: شہر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ تین روز سے پانی کی فراہمی شدید متاثر ہے، جس کے باعث شہریوں کو عیدالاضحیٰ سے قبل سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
واٹر کارپوریشن کے پمپنگ اسٹیشنز پر بجلی کے فالٹس، لوڈشیڈنگ اور تکنیکی خرابیوں کے باعث پانی کی ترسیل کا نظام متاثر ہوا، جس سے کھارادر، لیاری، نارتھ کراچی، نیو کراچی، کورنگی، گلشنِ اقبال، لانڈھی اور دیگر متعدد علاقوں میں پانی کی قلت پیدا ہو گئی ہے۔
شدید گرمی کے موسم میں پانی کی عدم دستیابی نے شہریوں کی پریشانی میں اضافہ کر دیا ہے، جبکہ کئی علاقوں کے مکین مہنگے داموں واٹر ٹینکر خریدنے پر مجبور ہیں۔
واٹر کارپوریشن کے ترجمان کے مطابق مختلف پمپنگ اسٹیشنز بجلی کی بندش اور تکنیکی مسائل کا شکار رہے، جس کے نتیجے میں شہر کے کئی حصوں میں پانی کی سپلائی محدود یا معطل ہوئی۔ ترجمان نے خبردار کیا کہ اگر پمپنگ اسٹیشنز کو بجلی کی مسلسل فراہمی یقینی نہ بنائی گئی تو پانی کی ترسیل کا نظام مزید دباؤ کا شکار ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب کے الیکٹرک کے ترجمان نے بتایا کہ حب اور این ای کے پمپنگ اسٹیشنز پر کیبل فالٹ کے باعث بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی تھی، تاہم خرابی دور کرکے سپلائی بحال کر دی گئی ہے۔
کے الیکٹرک کے مطابق دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی لائن نمبر 5 پھٹنے سے بھی تکنیکی مسئلہ پیدا ہوا تھا، جسے اسی روز درست کر لیا گیا تھا۔
شہریوں نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ عیدالاضحیٰ سے قبل پانی کی فراہمی مکمل طور پر بحال کی جائے تاکہ انہیں مزید مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






