طالبعلموں کیلئے اہم خبر ، امتحانات کے نتائج کی تاریخوں کا اعلان

سندھ حکومت نے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے نتائج کی تاریخوں کا اعلان کر دیا۔ سندھ حکومت نے صوبہ بھر میں میٹرک کےنتائج10جولائی جبکہ انٹرمیڈیٹ کے نتائج 31 جولائی تک جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیر جامعات و تعلیمی بورڈز محمد اسماعیل راہو کی زیر صدارت تمام تعلیمی بورڈز کا اہم اجلاس ہوا،اجلاس میں سیکرٹری جامعات محمد عباس بلوچ اور صوبے کے تمام تعلیمی بورڈز کے چیئرمینز نے شرکت کی۔
اجلاس میں صوبہ بھر میں مکمل ہونے والے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کےسالانہ امتحانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،تمام تعلیمی بورڈز نے اپنی اپنی ڈویژنوں میں منعقدہ امتحانات کےحوالےسے تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر جامعات محمد اسماعیل راہو نے کہا کہ صوبے سندھ کی تمام ڈویژنوں میں میٹرک کا رزلٹ 10 جولائی تک جاری کیا جائے گا،صوبہ بھر کی تمام ڈویژنوں میں انٹرمیڈیٹ کے نتائج 31 جولائی تک جاری کر دیے جائیں گے۔ وزیر جامعات نے کہا کہ امتحانات کے نتائج مقررہ وقت پر جاری کیے جائیں تاکہ طلبہ کو بروقت داخلوں میں سہولت ملے،تمام تعلیمی بورڈز میں شفافیت، میرٹ اور امتحانی نظام کی بہتری کے لیے ہر ممکن سپورٹ فراہم کریں گے۔
چیئرمینز نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تمام تعلیمی بورڈز نویں اور گیارہویں جماعت کے نتائج 31 اگست تک جاری کر دیں گے،سکھر ڈویژن میں امتحانات کے دوران زیرو پرفارمنس دکھانے والی ٹیموں کی ڈیوٹیاں منسوخ کر دی گئیں۔ سیکرٹری عباس بلوچ نے کہا کہ کراچی میں امتحانات کے دوران دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر متعدد افراد پر مقدمات درج کروائے گئے۔ چیئرمین فقیر محمد لاکھو نے بتایا کہ کراچی ڈویژن میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات 15 جون کو ختم ہونگے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close