متحدہ عرب امارات کی حکومت نے نئے ہجری سال 1448 کے آغاز کے موقع پر پیر 15 جون 2026 کو سرکاری تعطیل کا اعلان کر دیا ہے،
اس فیصلے کے تحت تمام وفاقی وزارتیں، محکمے اور سرکاری ادارے بند رہیں گے جبکہ معمول کے اوقاتِ کار منگل 16 جون سے دوبارہ شروع ہوں گے۔ اماراتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلامی یا ہجری سالِ نو کے آغاز پر دی جانے والی اس تعطیل کی تصدیق فیڈرل اتھارٹی فار گورنمنٹ ہیومن ریسورسز (FAHR) اور وزارت انسانی وسائل و اماراتائزیشن (MOHRE) کی جانب سے کی گئی ہے۔ دونوں اداروں نے واضح کیا ہے کہ سرکاری اور نجی شعبے کے تمام اہلکار اس موقع پر باضابطہ چھٹی کے حقدار ہوں گے۔
اس اعلان کے بعد سرکاری ملازمین کو 3 روزہ طویل ویک اینڈ میسر آئے گا چونکہ متحدہ عرب امارات میں ہفتہ وار تعطیلات ہفتہ اور اتوار کو ہوتی ہیں، اس لیے پیر کی سرکاری چھٹی ملا کر ملازمین مسلسل تین دن آرام کر سکیں گے۔ ماہرین کے مطابق طویل ویک اینڈ کے باعث اندرونِ ملک سیاحت، ہوٹلنگ اور تفریحی سرگرمیوں میں اضافہ متوقع ہے، جبکہ متعدد رہائشی مختصر سفری منصوبے بھی بنا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ اسلامی نیا سال قمری کیلنڈر کے پہلے مہینے محرم الحرام سے شروع ہوتا ہے اور اس کی تاریخ کا تعین چاند کی رویت کے مطابق کیا جاتا ہے، نئے ہجری سال کی آمد مسلم دنیا کے لیے خصوصی مذہبی اور تاریخی اہمیت رکھتی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






