کن علاقوں میں بارشوں کا خطرہ، ہائی الرٹ

اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے 2 سے 6 جون کے دوران ملک کے مختلف پہاڑی علاقوں میں ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق 5 جون تک خیبرپختونخوا میں جاری بارشوں اور گلیشیئرز کے پگھلنے کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات میں اضافہ متوقع ہے۔ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ چترال، اپر دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور کے اضلاع زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں۔

ادارے نے لواری ٹنل، چترال تا دیر روڈ، وادی سوات، شاہراہ قراقرم اور ناران۔کاغان روڈ کو حساس راستے قرار دیتے ہوئے مسافروں اور سیاحوں کو دورانِ سفر خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں بھی 2 سے 6 جون تک لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار رہے گا۔ شاہی، شاردا، آٹھ مقام اور اڑنگ کیل کی رابطہ سڑکوں کو حساس قرار دیا گیا ہے جہاں بارشوں کے باعث سفری مشکلات پیدا ہونے کا امکان ہے۔

الرٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ بالائی علاقوں میں بارشوں کے باعث مقامی ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے، جس سے آمدورفت متاثر ہونے اور سڑکوں کی بندش کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے سیاحوں اور مسافروں کو مشورہ دیا ہے کہ شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی تازہ صورتحال ضرور معلوم کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

ادارے نے تمام متعلقہ محکموں اور ضلعی انتظامیہ کو پیشگی الرٹ جاری کرتے ہوئے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر ملک بھر میں موسم، سیلاب، گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (گلاف) اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔

عوام کو بروقت معلومات اور ہنگامی الرٹس کے حصول کے لیے “پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ” موبائل ایپ استعمال کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close