پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری!

کراچی: اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی ہے، سٹیٹ بینک آف پاکستان نے نیا پاکستان سرٹیفکیٹس کو سعودی ریال اور متحدہ عرب امارات کے درہم میں بھی جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق نیا پاکستان سرٹیفکیٹس اس سے قبل پاکستانی روپے، امریکی ڈالر، برطانوی پاؤنڈ اور یورو میں دستیاب تھے، تاہم اب سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی بھی اپنی مقامی کرنسیوں میں سرمایہ کاری کر سکیں گے۔

سرکلر کے مطابق سعودی ریال، یو اے ای درہم، امریکی ڈالر اور یورو میں کم از کم سرمایہ کاری ایک ہزار یونٹس مقرر کی گئی ہے، جبکہ سرمایہ کاری میں مزید اضافہ 500 یونٹس کے ضرب سے کیا جا سکے گا۔

سٹیٹ بینک نے پاکستانی روپے میں سرمایہ کاری کی کم از کم حد 10 ہزار روپے مقرر کی ہے، جس میں ایک ہزار روپے کے ضرب سے اضافہ ممکن ہوگا۔

اعلامیے کے مطابق سعودی ریال میں سرمایہ کاری کے لیے سعودی نیشنل بینک اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے مخصوص اکاؤنٹ نمبرز استعمال کیے جائیں گے، جبکہ یو اے ای درہم میں سرمایہ کاری کے لیے فرسٹ ابوظہبی بینک اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کے اکاؤنٹس استعمال ہوں گے۔

سٹیٹ بینک کے مطابق سعودی ریال اور یو اے ای درہم میں جاری کیے جانے والے نیا پاکستان سرٹیفکیٹس پر منافع کی شرح یکساں رکھی گئی ہے۔ تین ماہ کی مدت کے سرٹیفکیٹس پر سالانہ 6.50 فیصد جبکہ پانچ سالہ مدت کے سرٹیفکیٹس پر 7.50 فیصد منافع دیا جائے گا۔

ماہرین کے مطابق اس اقدام سے خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو سرمایہ کاری کے مزید مواقع میسر آئیں گے اور ملک میں ترسیلات زر اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close