ایمرجنسی نافذ، مریم نواز کا سخت ایکشن پلان سامنے آگیا

فیصل آباد: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی خصوصی ہدایات پر صوبائی وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے فیصل آباد کا دورہ کیا اور عیدالاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی، آلائشیں ٹھکانے لگانے اور “ستھرا پنجاب” پروگرام کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ذیشان رفیق نے کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں سے ملاقات کے دوران عید صفائی پلان، ویسٹ مینجمنٹ، کنٹرول رومز اور فیلڈ آپریشنز سے متعلق بریفنگ لی جبکہ دیگر اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور افسران نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے وژن کے مطابق پنجاب بھر خصوصاً فیصل آباد ڈویژن میں عیدالاضحی کے دوران صفائی کا اعلیٰ معیار یقینی بنایا جائے گا اور شہریوں کو توقعات سے بڑھ کر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ “ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو عید کے تینوں دن گلی محلوں میں متحرک رہیں گی۔ آلائشیں بروقت اٹھانے کیلئے میگا فونز کے ذریعے اعلانات بھی کیے جائیں گے تاکہ شہریوں کو بروقت آگاہی مل سکے۔

ذیشان رفیق نے ہدایت کی کہ ہر گھر تک ماحول دوست ویسٹ بیگز کی فراہمی یقینی بنائی جائے جبکہ اجتماعی قربانی کے مقامات، بازاروں اور شاہراہوں کو چونے، فینائل اور عرق گلاب سے دھویا جائے تاکہ صاف ستھرا اور خوشگوار ماحول برقرار رکھا جا سکے۔

انہوں نے دیہی علاقوں میں سیکرٹری یونین کونسلز کو متحرک کردار دینے، افسران کو فیلڈ میں موجود رکھنے اور ریلوے اسٹیشنز و ٹریکس کے اطراف بھی خصوصی صفائی ٹیمیں تعینات کرنے کی ہدایت کی۔

بعد ازاں صوبائی وزیر نے فیصل آباد کے تاریخی گھنٹہ گھر اور اطراف کے بازاروں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے تاجروں اور شہریوں میں ویسٹ بیگز تقسیم کیے اور صفائی مہم میں تعاون کی اپیل کی۔

کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں نے بریفنگ میں بتایا کہ ڈویژن کے چاروں اضلاع میں کنٹرول رومز فعال کر دیے گئے ہیں جبکہ عید سے قبل خصوصی صفائی آپریشن شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ عیدالاضحی کے دوران شہریوں کو بہترین صفائی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close