واشنگٹن: فٹبال کھلاڑیوں کی عالمی تنظیم فیف پرو نے 2026 فیفا ورلڈ کپ کے دوران شدید گرمی کے ممکنہ خطرات پر ایک بار پھر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
ماحولیاتی تحقیقاتی ادارے ورلڈ ویدر ایٹریبیوشن کی رپورٹ کے مطابق امریکا، کینیڈا اور میکسیکو میں ہونے والے اس بڑے ٹورنامنٹ کے دوران تقریباً ایک چوتھائی میچز ایسے موسم میں کھیلے جا سکتے ہیں جہاں درجہ حرارت کھلاڑیوں اور شائقین دونوں کے لیے خطرناک حد تک بڑھ سکتا ہے۔
104 میچز پر مشتمل اس ایونٹ میں کم از کم پانچ میچز ایسے حالات میں ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے جہاں میچ روکنے یا ملتوی کرنے کی سفارش بھی کی جا سکتی ہے۔
ماہرین نے ویٹ بلب گلوب ٹیمپریچر (WBGT) انڈیکس کے ذریعے اندازہ لگایا ہے، جس کے مطابق 26 ڈگری سینٹی گریڈ سے اوپر احتیاطی اقدامات ضروری ہو جاتے ہیں جبکہ 28 ڈگری سے زائد درجہ حرارت پر میچ روکنے کی سفارش کی جاتی ہے۔
فیفا نے مؤقف دیا ہے کہ کھلاڑیوں اور شائقین کے تحفظ کے لیے کولنگ سسٹمز، ہائیڈریشن بریکس اور طبی سہولیات سمیت خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق میامی، نیویارک، فلاڈیلفیا اور کنساس سٹی جیسے شہر سب سے زیادہ خطرے کی زد میں ہوں گے، جبکہ فائنل میچ کے دوران بھی شدید گرمی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






