لندن: بحیرہ اسود کے خطے میں برطانوی اور روسی فضائی افواج کے درمیان ایک انتہائی حساس اور خطرناک فضائی صورتحال اس وقت پیدا ہوگئی جب دونوں ممالک کے جنگی طیارے آمنے سامنے آگئے، جس کے بعد خطے میں کشیدگی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔
برطانوی وزارتِ دفاع کے مطابق بین الاقوامی فضائی حدود میں پرواز کرنے والے رائل ایئر فورس کے ایک جاسوس طیارے کے قریب روسی فضائیہ کے دو فائٹر جیٹس خطرناک انداز میں پہنچ گئے اور اسے روکنے کی کوشش کی۔
برطانوی حکام نے اس کارروائی کو انتہائی جارحانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک روسی طیارہ برطانوی طیارے کے انتہائی قریب آ گیا تھا، جس کے باعث فاصلہ انتہائی کم رہ گیا اور کسی بھی ممکنہ فضائی تصادم کا خطرہ پیدا ہوگیا۔
برطانوی وزارتِ دفاع نے اس واقعے کی ویڈیو بھی جاری کی ہے، جس میں دونوں ممالک کے طیاروں کی خطرناک قربت واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔
یہ واقعہ گزشتہ ماہ پیش آیا تھا تاہم اب اس کی تفصیلات سامنے لائی گئی ہیں۔ واقعے کے بعد برطانیہ اور روس کے درمیان پہلے سے موجود کشیدگی میں مزید اضافہ ہوگیا ہے اور اسے دونوں ایٹمی طاقتوں کے درمیان ایک سنگین فضائی محاذ آرائی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






