بجلی کی لوڈشیڈنگ سے متعلق اہم اعلان

عیدالاضحیٰ کے موقع پر لاہور کے شہریوں کیلئے خوشخبری سامنے آ گئی، جہاں بجلی کی فراہمی سے متعلق اہم اعلان کرتے ہوئے لیسکو نے عید کے دنوں میں لوڈشیڈنگ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

حکام کے مطابق شدید گرمی اور بجلی کی بڑھتی طلب کے باوجود صارفین کو بلا تعطل بجلی فراہم کی جائے گی تاکہ شہری عید کی خوشیاں بغیر کسی پریشانی کے منا سکیں۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے اپنے بیان میں کہا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران لیسکو کے تمام علاقوں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ ادارہ بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے مکمل طور پر متحرک ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے اقدامات کیے جا چکے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اوور بلنگ، بجلی چوری اور نئے کنکشنز کی فراہمی میں تاخیر جیسے مسائل کے خاتمے کیلئے مؤثر حکمت عملی اختیار کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ اوور لوڈنگ یا فنی خرابی کے باعث جلنے والے ٹرانسفارمرز کو فوری تبدیل کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں تاکہ بجلی کی ترسیل متاثر نہ ہو۔

سی ای او لیسکو کے مطابق موسم گرما کے دوران صارفین کو 24 گھنٹے بجلی کی فراہمی برقرار رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جبکہ عوامی شکایات کے فوری ازالے کیلئے فیلڈ سٹاف کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

عیدالاضحیٰ کے موقع پر بجلی کی بلا تعطل فراہمی شہریوں کیلئے بڑا ریلیف ثابت ہو سکتی ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی کے باعث بجلی کی طلب میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close