لاپتا کارگو طیارہ سمندر میں تباہ، ملبہ مل گیا

کراچی: شارجہ سے کراچی آنے والا نجی کارگو طیارہ، جو گزشتہ شب اورماڑہ کے قریب لاپتا ہوگیا تھا، اس کا ملبہ سمندر سے برآمد کر لیا گیا، جبکہ عملے کے پانچ ارکان کی تلاش تاحال جاری ہے۔

پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) کے مطابق پاک بحریہ اور پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی (پی ایم ایس اے) نے 12 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے سرچ آپریشن کے دوران طیارے کا ملبہ اورماڑہ کے ساحل سے 53 ناٹیکل میل جنوب میں تلاش کر لیا۔

ترجمان کے مطابق مزید شواہد اور عملے کے ارکان کی تلاش کے لیے بحری اور فضائی ریسکیو آپریشن مسلسل جاری ہے۔

یاد رہے کہ کے2 ایئرویز کا بی-737 کارگو طیارہ شارجہ سے کراچی آتے ہوئے فنی خرابی کا پیغام دینے کے بعد ریڈار سے غائب ہوگیا تھا۔ طیارے میں عملے کے پانچ افراد سوار تھے۔

پی اے اے کے مطابق یہ طیارہ مرمت کے بعد شارجہ سے خالی (فیری فلائٹ) کراچی واپس آرہا تھا، تاہم راستے میں اس سے رابطہ منقطع ہوگیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close