پیاس اوپن ہاؤس اینڈ کیریئر فیئر 2026 کامیابی سے اختتام پذیر، 120 سے زائد فائنل ایئر پروجیکٹس پیش

پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (PAEC) کے زیرِ انتظام پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز (پیاس) میں “اوپن ہاؤس اینڈ کیریئر فیئر 2026” کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہو گیا۔

اس اہم ایونٹ میں طلباء، اساتذہ، صنعتی اداروں، قومی و بین الاقوامی کمپنیوں اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ایونٹ کے دوران مختلف انجینئرنگ اور سائنسی شعبوں سے تعلق رکھنے والے اختتامی سال کے طلباء نے 120 سے زائد فائنل ایئر پروجیکٹس پیش کیے جن میں جدید ٹیکنالوجی، تحقیق، تخلیقی صلاحیتوں اور صنعتی مسائل کے حل پر خصوصی توجہ دی گئی۔ ان منصوبوں کو شرکاء اور صنعتی نمائندگان نے بے حد سراہا۔

اس موقع پر تقریباً 50 معروف قومی و بین الاقوامی کمپنیوں اور اداروں نے بھی شرکت کی، جہاں طلباء کو روزگار، تربیت، انٹرن شپ اور مستقبل کے عملی مواقع سے متعلق رہنمائی فراہم کی گئی۔ طلباء و طالبات اور صنعتی نمائندگان کے درمیان ملاقاتوں اور تبادلہ خیال نے تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان روابط مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور قومی ترانے سے ہوا۔ ریکٹر پیاس ڈاکٹر انیلہ عثمان نے اس ایونٹ کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ “پیاس اوپن ہاؤس اینڈ کیریئر فیئر 2026 نوجوان انجینئرز اور سائنسدانوں کی صلاحیتوں، محنت اور تخلیقی سوچ کا بہترین مظہر ہے۔ پیاس میں نوجوانوں کو ملک و قوم کی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرنے کے لیے جدید تعلیم، تحقیق اور ٹیکنالوجی کے ذریعے تیار کیا جاتا ہے جبکہ ایسے ایونٹس تعلیمی اداروں اور صنعت کے درمیان مضبوط روابط قائم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔”

شرکاء اور مہمانوں نے “پیاس اوپن ہاؤس اینڈ کیریئر فیئر 2026” کو نوجوان نسل کے لیے ایک اہم سنگِ میل قرار دیتے ہوئے اس ایونٹ کو جدت، پیشہ ورانہ ترقی اور صنعت و تعلیمی اداروں کے درمیان مؤثر ہم آہنگی کے فروغ کی کامیاب کاوش قرار دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close