لاہور: الیکٹرک سپلائی کمپنی لیسکو نے نئی سولر پالیسی کے تحت 14 کلو واٹ سے زائد سسٹم پر اپنا ٹرانسفارمر لگانا لازمی قرار دے دیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے نیٹ میٹرنگ کے تحت سولر سسٹم لگوانے والے صارفین کے لیے نئے قواعد و ضوابط متعارف کروا دیے ہیں۔نئی پالیسی کا مقصد ہائی لوڈ والے سولر سسٹمز کو ریگولیٹ کرنا اور بجلی کے ترسیلی نظام پر پڑنے والے بوجھ کو کم کرنا ہے۔لیسکو کی نئی ہدایات میں کہا کہ ایسے صارفین جو 14 کلو واٹ تک کا سولر سسٹم نصب کرنا چاہتے ہیں، وہ پرانے طریقہ کار کے مطابق اپنا سسٹم لگوا سکیں گے۔کمپنی کا کہنا تھا کہ وہ صارفین جو 14 کلو واٹ سے زائد صلاحیت کا سولر سسٹم لگانا چاہتے ہیں، ان کے لیے اب ذاتی ٹرانسفارمر خریدنا اور نصب کرنا لازمی ہوگا، بصورتِ دیگر انہیں نیٹ میٹرنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔پالیسی کے تحت لیسکو اور صارف کے درمیان 5 سالہ معاہدہ طے پائے گا، جس کے تحت صارف کو مذکورہ مدت تک بجلی پیدا کرنے اور اسے گرڈ میں شامل کرنے کی اجازت ہوگی۔صارفین کی سہولت اور شفافیت کے لیے پورا عمل ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے، درخواستیں صرف مجاز کمپنیوں کے ذریعے مکمل طور پر آن لائن جمع کروائی جا سکیں گی۔درخواست کی منظوری کے بعد نیپرا کی جانب سے جنریشن لائسنس جاری کیا جائے گا۔آخری مرحلے میں لیسکو سسٹم کو گرڈ سے منسلک کر دے گا۔لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے جہاں بڑے پیمانے پر بجلی پیدا کرنے والے صارفین کے لیے لائسنسنگ کا عمل آسان ہوگا، وہاں سسٹم کی ٹیکنیکی بنیادوں پر نگرانی بھی بہتر طریقے سے ہو سکے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






