حکومت نے پنشنرز کی تصدیق کے نظام میں بڑی تبدیلی کرنے کا فیصلہ کرلیا، اب پنشنرز کو رقم وصول کرنے سے پہلے کیا کرنا ہوگا؟
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے ملک بھر میں پنشنرز کیلئے جدید ڈیجیٹل لائف سرٹیفکیٹ سسٹم متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا، جس کے تحت تقریباً 17 لاکھ پنشنرز کی تصدیق بایومیٹرک اور فیشل ریکگنیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے کی جائے گی۔
وزارتِ خزانہ نے بتایا کہ یہ نیا نظام نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی نے تیار کیا ہے، جس کا مقصد پنشنرز کی زندگی کی تصدیق کو ڈیجیٹل اور شفاف بنانا ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ پنشنرز کی تصدیق فنگر پرنٹس اور چہرے کی شناخت کے ذریعے کی جائے گی، جبکہ ایک موبائل ایپ بیسڈ “پروف آف لائف” سسٹم بھی متعارف کرایا جا رہا ہے۔
اس مقصد کیلئے بینکوں کو اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی ہدایت پر نادرا کے سسٹم سے منسلک کیا جا رہا ہے تاکہ پنشن کی ادائیگی سے قبل نادرا کے پروف آف لائف سرٹیفکیٹ اور فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ سسٹمز کے ذریعے اہلیت کی جانچ ہوگی۔
نئے نظام کے تحت عام شہری اپنی زندگی کی تصدیق کیلئے Pak ID ایپ استعمال کریں گے، جبکہ بینک e-Sahulat ایپ کے ذریعے پنشنرز کی معلومات اور تصدیق حاصل کریں گے۔
ذرائع کے مطابق یہ نظام وزیراعظم آفس کی ہدایات پر تیار کیا گیا ہے جبکہ کچھ مراحل پہلے ہی مکمل کیے جا چکے ہیں۔ بینکنگ سسٹم کے ساتھ مکمل انضمام کے بعد صرف اہل پنشنرز کو ادائیگی یقینی بنائی جا سکے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئے نظام سے شفافیت میں اضافہ، دستی تصدیق میں کمی اور ملک بھر میں پنشن کی ادائیگی کے نظام کو جدید بنانے میں مدد ملے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






