پلندری اور دھیرکوٹ میں بڑا سیاسی سرپرائز، دونوں جماعتوں نے ہاتھ ملا لیا

اسلام آبا د( پی آئی ڈی ) 8 مئی 2026
پیپلز پارٹی آزادجموں و کشمیر اور جمعیت علمائے اسلام(ف) کے درمیان انتخابی اتحاد طے پا گیا،پلندری اور دھیرکوٹ میں پیپلز پارٹی آزادجموں و کشمیر جمعیت علماء اسلام (ف) کے امیدواروں کی حمایت کرے گی جبکہ باقی تمام حلقوں میں جمعیت علماء اسلام(ف) پیپلز پارٹی آزادجموں و کشمیر کے امیدواروں کی حمایت کرے گی ۔اس سلسلے میں جمعتہ المبارک کو ایک اہم اجلاس جموں کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں ہوا۔اجلاس میں آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور ،پیپلز پارٹی آزادجموں و کشمیر کے صدر چوہدری محمد یسین ،سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان ،وزیر حکومت محترمہ نبیلہ ایوب ،سابق وزیر جاوید بٹ اور وزیراعظم کے پولیٹیکل اسسٹنٹ سید عزادار حسین کاظمی اور راحیل ملک نے شرکت کی ۔جے ہو آئی (ف) کے وفد کی قیادت جمعیت علماء اسلام ( ف ) آزادکشمیر کے صدر مولانا سعید یوسف نے کی اس موقع پر مولانا امتیاز عباسی، مولانا ادریس،صاحبزادہ حماد سعید اور سردار امجد حسین بھی موجود تھے ۔ ملاقات میں دونوں جانب سے الیکشن 2026 سے قبل باہمی انتخابی اتحاد کے ساتھ جدوجہد کے آغاز کا اعلان کیا گیا ، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ جے یو آئی(ف) نے ہمیشہ جمہوری رواداری کےلیے کردار ادا کیا ہے ، مولانا فضل الرحمن اعلی پائے کے ایسے رہنماء ہیں جن کی سیاسی بصیرت اور دور اندیشی کو سراہتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ مولانا سعید یوسف کی جمہوری خدمات اور خطے میں ان کی دینی خدمات قابل قدر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور جے یو آئی(ف) کے درمیان اتحاد قائم ہو چکا ہے جس کا باضابطہ اعلان جلد چیرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کی آمد پر کر دیا جائے گا ۔یہ اتحاد دونوں جماعتوں کے لیے خوش آئند اور خطے کی سیاست میں مثبت تبدیلی کا باعث بنے گا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس اتحاد کو عوامی مفاد اور سیاسی استحکام کے لیے اہم قرار دیا۔صدر جمعیت علمائے اسلام ( ف) آزاد کشمیر مولانا سعید یوسف نے کہا کہ اتحاد میں ہی طاقت ہے اور اجتماعی جدوجہد کے ذریعے عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزادجموں و کشمیر بھر خاص کر پلندری اور دھیر کوٹ میں اتحاد کے ذریعے عوامی حمایت کو مزید مضبوط بنایا جائے گا اور ایک مستحکم حکومت کے قیام کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رہیں گی۔انہوں نے بلاول بھٹو زرداری، محترمہ فریال تالپور، چوہدری محمد ریاض سمیت تمام رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی قوتوں کے اتحاد سے خطے میں ترقی اور استحکام کے نئے امکانات پیدا ہوں گے۔الیکشن 2026 میں مل کر جدوجہد کریں گے ، انشاء اللہ کامیابی ہمارا مقدر بنے گی ، صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں و کشمیر چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ جے یو آئی (ف ) آزاد کشمیر اور پیپلز پارٹی کے درمیان ہمیشہ خوشگوار اور اصولی تعلقات قائم رہے ہیں۔چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ جمہوری اور اصولی اتحاد کی سیاست کو فروغ دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ الیکشن 2026 میں دونوں جماعتیں مل کر آئندہ حکومت سازی میں اہم کردار ادا کریں گی۔سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا کہ مولانا سعید یوسف کے ساتھ ان کے دیرینہ خاندانی تعلقات ہیں اور ان کی ہمیشہ خواہش رہی کہ جے یو آئی(ف) اور پیپلز پارٹی آزادجموں و کشمیر ایک پلیٹ فارم پر متحد ہوں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتیں پارلیمانی سیاست میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں جبکہ جے یو آئی(ف) نے ہمیشہ جمہوری رواداری کے فروغ کے لیے کام کیا ہے۔وزیر حکومت محترمہ نبیلہ ایوب نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کے درمیان دیرینہ روابط موجود ہیں اور یہ اتحاد خطے کی سیاست میں مثبت اور تعمیری تبدیلی لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی فیصلوں میں بڑے قومی اور عوامی مفاد کو ترجیح دی گئی۔جس کے لیے یہ اتحاد ناگزیر تھا اس موقع پر نائب صدر جے یو آئی(ف) مولانا امتیاز عباسی اور مولانا ادریس بھی موجود تھے۔انہون نے اس اتحاد کو آمدہ الیکشن میں کامیابی کے لیے خوش آئند قرار دیا ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close