پنجاب حکومت کی جانب سے صحت کے شعبے میں قدم رکھنے کے خواہشمند نوجوانوں کے لیے ایک نیا راستہ کھول دیا گیا ہے، جہاں انہیں عملی تجربہ اور پیشہ ورانہ مہارتیں حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جا رہا ہے۔
حکومتِ پنجاب نے طلبہ اور حالیہ گریجویٹس کو عملی میدان میں لانے کے لیے انٹرن شپ پروگرام متعارف کرا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت و آبادی پنجاب نے طلبہ اور گریجویٹس کے لیے خصوصی انٹرن شپ پروگرام کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت فارمیسی اور متعلقہ شعبوں سے وابستہ نوجوانوں کو عملی تربیت دی جائے گی تاکہ وہ پیشہ ورانہ میدان میں بہتر انداز سے داخل ہو سکیں۔
اعلامیے کے مطابق یہ پروگرام خاص طور پر پنجاب کی سرکاری جامعات کے فارما ڈی طلبہ، گریجویٹس اور پوسٹ گریجویٹس کے لیے مختص ہے، جبکہ فائنل ایئر کے وہ طلبہ بھی درخواست دینے کے اہل ہوں گے جن کے نتائج ابھی زیر التواء ہیں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ وہ امیدوار بھی اس پروگرام کے لیے اہل ہوں گے جنہوں نے فارما ڈی گزشتہ دو سال کے دوران مکمل کیا ہو، یا ماسٹرز اور ایم فل کی ڈگری حاصل کیے ہوئے دو سال سے کم عرصہ گزرا ہو۔
حکام کے مطابق درخواست دینے کا عمل مکمل طور پر آن لائن رکھا گیا ہے، جس کے لیے امیدواروں کو رجسٹریشن کے بعد اپنا پروفائل مکمل کرنا اور ضروری دستاویزات اپ لوڈ کرنا ہوں گی۔
درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 12 مئی 2026 مقرر کی گئی ہے اور امیدوار رات 12 بجے تک اپنی درخواست آن لائن جمع کرا سکتے ہیں، جبکہ کسی بھی قسم کی آف لائن درخواست قابل قبول نہیں ہوگی۔
یہ انٹرن شپ پروگرام ڈائریکٹوریٹ آف ڈرگز کنٹرول پنجاب کے زیر انتظام چلایا جا رہا ہے، جس کا بنیادی مقصد نوجوانوں کو عملی تربیت فراہم کر کے صحت کے نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





