سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں بے قابو ہو گئیں ، پاکستانیوں کیلئے پریشان کن خبر

شہر میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتیں ایک بار پھر آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں جبکہ سرکاری نرخنامے پر عملدرآمد یقینی نہیں بنایا جا سکا۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق اشیائے خورونوش سرکاری قیمتوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ مہنگے داموں فروخت ہو رہی ہیں۔ آلو جو 20 روپے فی کلو مقرر ہے، 40 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ پیاز 55 روپے کے بجائے 80 روپے فی کلو دستیاب ہے۔ اسی طرح ٹماٹر کی سرکاری قیمت 40 روپے کے برعکس 100 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔

اسی طرح کریلے 70 کے بجائے 130 روپے، مٹر 160 کے بجائے 220 روپے، شملہ مرچ 60 کے بجائے 150 روپے اور سبز مرچ 90 کے بجائے 120 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے۔

بند گوبھی 45 روپے کے بجائے 80 روپے فی کلو جبکہ پھول گوبھی 150 روپے فی کلو تک پہنچ چکی ہے۔ پھلوں کی قیمتیں بھی سرکاری نرخنامے سے اوسطاً 50 روپے تک زیادہ وصول کی جا رہی ہیں۔

شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری نرخنامے پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے، جبکہ سبزی فروشوں کا کہنا ہے کہ منڈیوں میں ہی اشیاء سرکاری نرخوں پر دستیاب نہیں ہوتیں، جس کے باعث مہنگے داموں فروخت مجبوری بن جاتی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close