آزاد جموں و کشمیر میں جاب فیسٹیول کا آغاز، نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم

مظفر آباد۔ آزاد جموں و کشمیر میں نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے جاب فیسٹیول کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ فیسٹیول حکومت آزاد کشمیر کے محکمہ اسپورٹس، یوتھ اینڈ کلچر کے زیر اہتمام منعقد کیا جا رہا ہے۔

افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور انہیں عملی میدان میں آگے بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔

جاب فیسٹیول میں مختلف سرکاری اور نجی اداروں کی جانب سے اسٹالز قائم کیے گئے ہیں، جہاں نوجوانوں کو ملازمت، انٹرن شپ اور مختلف ہنر مندی کے پروگرامز کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی جا رہی ہیں۔

منتظمین کے مطابق اس فیسٹیول کا مقصد نوجوانوں کو جدید تقاضوں کے مطابق تیار کرنا اور انہیں روزگار کے مواقع سے براہ راست جوڑنا ہے تاکہ وہ ملکی ترقی میں اپنا مؤثر کردار ادا کر سکیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close