سرینگر: مقبوضہ جموں و کشمیر کے ضلع کشتواڑ میں بھارتی فوج اور پولیس کے درمیان شدید تصادم کا واقعہ پیش آیا، جہاں بھارتی فوجی اہلکاروں نے پولیس اسٹیشن پر دھاوا بول کر اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور توڑ پھوڑ کی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 17 راشٹریہ رائفلز کے تقریباً 40 مسلح اہلکار اتھولی پولیس اسٹیشن کی چار دیواری پھلانگ کر اندر داخل ہوئے اور ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں پر حملہ کر دیا۔
واقعے کے بعد پولیس نے میجر، کمانڈنگ آفیسر اور دیگر فوجی اہلکاروں کے خلاف اقدامِ قتل، حملے اور توڑ پھوڑ سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ فوجی اہلکاروں کا حملہ پہلے سے منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا تھا اور ان کا مقصد ڈیوٹی پر موجود پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنانا تھا۔
یاد رہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوج اور پولیس یا نیم فوجی اہلکاروں کے درمیان کشیدگی اور تصادم کے ایسے واقعات ماضی میں بھی سامنے آ چکے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






