نجی اسکولوں نے جمعہ کی ہفتہ وار چھٹی ختم کرنے کا مطالبہ کردیا اور کہا گیا آن لائن کلاسز سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو سکتے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب بھر سے نجی اسکولوں کے اسٹیک ہولڈرز کے ایک اہم اجلاس میں تعلیمی کارکردگی اور انتظامی مسائل پر غور کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ جمعہ کی ہفتہ وار چھٹی کو ختم کیا جائے۔
سربراہ قاضی نعیم انجم کی زیرِ صدارت منعقدہ اس اجلاس میں نجی تعلیمی اداروں کو درپیش مختلف چیلنجز پر بحث کی گئی، اجلاس میں سید فیصل گیلانی، سلیم اعوان، حسن منہاس اور دیگر ماہرینِ تعلیم نے شرکت کی۔
قاضی نعیم انجم نے زور دیا کہ آن لائن کلاسز سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہو سکتے، بہتر تعلیمی معیار کے لیے تعلیمی کیلنڈر میں کم از کم 210 دن کلاس روم میں باقاعدہ تدریس ہونی چاہیے۔
اجلاس میں درسی کتب کی چھپائی میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا گیا، جس کی وجہ سے طلبہ کا قیمتی وقت ضائع ہوا۔ مطالبہ کیا گیا کہ اگلے سال کتابیں بروقت شائع کی جائیں۔
نجی اسکولوں کے مالکان نے لاہور بورڈ سے مطالبہ کیا کہ نجی اسکولوں کے الحاق میں توسیع کا عمل فوری مکمل کیا جائے۔ماہرینِ تعلیم کا کہنا ہے کہ چھٹیوں کی کثرت اور انتظامی تاخیر کی وجہ سے نصاب مکمل کرنے میں دشواری پیش آ رہی ہے، جس کا براہِ راست اثر طلبہ کے رزلٹ پر پڑتا ہے۔ لہٰذا، تعلیمی سیشن کو موثر بنانے کے لیے ہفتہ وار تعطیلات میں کمی ناگزیر ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






