مزارات پر آن لائن عطیات اور لنگر کی تقسیم کیلئے ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ

لاہور حکومتِ پنجاب نے صوبہ بھر کے مزارات پر آن لائن عطیات اور لنگر کی شفاف تقسیم کے لیے ایک جدید ڈیجیٹل ایپ متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ایپ کو مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا، یہ اقدام حکومتی ڈیجیٹائزیشن پالیسی کے عین مطابق ہے جس کا مقصد شفافیت، کارکردگی اور عوامی سہولت میں اضافہ کرنا ہے۔ پہلے مرحلے میں مزار حضرت علی ہجویری اور مزار حضرت بی بی پاک دامن کے لیے علیحدہ ایپس تیار کی جائیں گی۔ ان مزارات پر اس منصوبے کا پائلٹ آغاز کیا جائے گا اور کامیابی کی صورت میں اسے دیگر مزارات تک توسیع دی جائے گی۔ مزید برآں داتا دربار اسپتال کے ساتھ ملحقہ پارکنگ ایریا میں طویل المدتی مالی خود کفالت کے لیے ایک کمرشل اسکیم بھی تعمیر کی جائے گی۔سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ہدایت کی کہ بہاولپور زون میں اوقاف اراضی کی نیلامی کا عمل 30 اپریل تک مکمل کیا جائے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو کیش بکس آمدن کے معاملات، بقایا جات کی وصولی، اوقاف جائیدادوں سے متعلق عدالتی کیسز اور دیگر زیر التوا امور کو جلد از جلد نمٹانے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے کہا کہ صوفیائے کرام کی خانقاہیں ہمیشہ علم، محبت اور رواداری کے مراکز رہی ہیں اور انہوں نے برصغیر میں اپنے کردار اور آفاقی پیغام کے ذریعے مختلف مذاہب اور طبقات کے لوگوں کو جوڑنے میں اہم کردار ادا کیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close