بنگلہ دیش کے ضلع ہبی گنج میں تیل سے بھری مال بردار ٹرین کے پٹڑی سے اترنے کے باعث سلہٹ کے ساتھ ریلوے رابطہ معطل ہو گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ واقعہ گذشتہ رات تقریباً ساڑھے 9 بجے مدھب پور اپازیلا کے مونٹولا ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا۔ ذرائع کے مطابق چٹاگانگ سے سلہٹ جانے والی آئل ٹینکر ٹرین کی 4 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، جن میں سے بعض قریبی کھائی میں جا گریں، جس کے باعث اس روٹ پر ٹرینوں کی آمد و رفت مکمل طور پر رک گئی۔
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ کئی ٹینکر پٹری سے اتر کر اطراف کی زمین پر جا گرے، جس سے تیل کے ممکنہ اخراج اور حفاظتی خطرات کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔ اسٹیشن ماسٹر عطا الرحمان خادم نے میڈیا کو بتایا کہ حادثے کے فوری بعد سلہٹ کے ساتھ ریلوے رابطہ منقطع ہو گیا۔
ریلوے حکام کو فوری طور پر اطلاع دی گئی، جس کے بعد اکھاؤڑا سے امدادی ٹرین روانہ کر دی گئی تاکہ بحالی کا کام شروع کیا جا سکے۔ واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ حکام کے مطابق گرے ہوئے تیل کو محفوظ بنانے اور ریلوے سروس بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ بارڈر گارڈ بنگلہ دیش کے اہلکار بھی امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔
ٹرین حادثے کے باعث سلہٹ آنے جانے والے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، اور امکان ہے کہ پٹریوں کی مرمت اور صفائی مکمل ہونے تک ریلوے سروس معطل رہے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





