تعلیمی اداروں میں چھٹیوں کے حوالے سے اہم خبر آگئی

گلگت بلتستان اسمبلی الیکشن کے پیش نظر تعلیمی اداروں میں دو روزہ تعطیل کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے تحت جمعہ اور ہفتہ کو تمام تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔

تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان میں عام انتخابات 2026 کی تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں۔ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان کے مطابق علاقے بھر کے سرکاری اسکول اور کالجز جمعہ اور ہفتہ کو بند رہیں گے تاکہ انتخابات کے انتظامات اور پولنگ کے عمل کے لیے ضروری تیاریاں مکمل کی جا سکیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان کے متعدد اسکولوں اور کالجز کو پولنگ اسٹیشنز قرار دیا گیا ہے، جس کے باعث تعلیمی اداروں کو عارضی طور پر بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن کی جانب سے گلگت بلتستان اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی گئی ہے، جس کے مطابق 24 حلقوں میں مجموعی طور پر 403 امیدوار میدان میں ہیں۔

حلقہ وار اعداد و شمار کے مطابق GBA-2 گلگت-II سب سے زیادہ مقابلے والا حلقہ بن گیا ہے جہاں 40 امیدوار مدمقابل ہیں، جبکہ GBA-14 استور-II میں 33 امیدوار قسمت آزما رہے ہیں۔ دوسری جانب GBA-24 گانچھے-III میں صرف 6 امیدوار میدان میں ہیں۔

خواتین کی نمائندگی بدستور محدود رہی ہے۔ مجموعی طور پر صرف 8 خواتین امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں، جن میں 5 آزاد امیدوار شامل ہیں جبکہ باقی تین خواتین مختلف سیاسی جماعتوں کی نمائندگی کر رہی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close