محکمہ موسمیات کا بارش کے حوالے سے ہنگامی الرٹ جاری

محکمہ موسمیات نے جڑواں شہروں سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں تیز بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی ہے۔

محکمہ موسمیات نے راولپنڈی، اسلام آباد اور خطہ پوٹھوہار کے لیے ہنگامی الرٹ جاری کیا ہے۔ الرٹ کے مطابق آئندہ 2 سے 3 گھنٹوں کے دوران جڑواں شہروں میں تیز بارش، گرج چمک اور ژالہ باری کا قوی امکان ہے۔ حکام نے خبردار کیا ہے کہ راولپنڈی کے چند علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات بھی ہو سکتے ہیں۔

محکمہ موسمیات کی رپورٹ کے مطابق یہ بارش اور گرج چمک کا سلسلہ صرف جڑواں شہروں تک محدود نہیں رہے گا بلکہ مری، گلیات، کشمیر، اٹک اور ہری پور میں بھی بادل زور و شور سے برسیں گے۔

اس کے علاوہ گوجر خان، صوابی، مردان اور گلگت بلتستان میں بھی ژالہ باری متوقع ہے۔ سوات، مانسہرہ، پشاور، کالام، دیر، چترال اور کوہستان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ موسم کی غیر یقینی صورتحال اور ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close