کفایت شعاری مہم، چئیرمین سینیٹ کی ہدایات پر سینیٹ سیکرٹریٹ نے کروڑوں کی خطیر رقم قومی خزانے میں جمع کرادی

اسلام آباد میں جاری کفایت شعاری مہم کے تحت ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں سینیٹ سیکرٹریٹ نے 26 کروڑ 50 لاکھ روپے قومی خزانے میں واپس جمع کرا دیے ہیں۔ اس اقدام کو حکومتی سطح پر مالی نظم و ضبط اور ذمہ داری کی مضبوط مثال قرار دیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ غیر ضروری اخراجات میں کمی اور وسائل کا مؤثر استعمال موجودہ معاشی حالات میں نہایت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ نہ صرف حکومت کے معاشی استحکام کے اقدامات کی حمایت کرتی ہے بلکہ خود بھی ادارہ جاتی سطح پر کفایت شعاری کو یقینی بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔

چیئرمین سینیٹ کے مطابق مزید بچت کے مواقع تلاش کیے جا رہے ہیں اور آئندہ بھی اضافی رقوم مرحلہ وار قومی خزانے میں جمع کرائی جائیں گی۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کفایت شعاری کے باوجود پارلیمانی امور اور قانون سازی کے عمل پر کوئی منفی اثر نہیں پڑنے دیا جائے گا اور سینیٹ اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری فعالیت کے ساتھ انجام دیتی رہے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close