اسلام آباد: پاکستان کے محکمہ موسمیات پاکستان نے 26 سے 29 مارچ تک ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کا الرٹ جاری کیا ہے۔
ڈپٹی ڈائریکٹر انجم نذیر ضیغم کے مطابق، مغربی ہواؤں کا سلسلہ 25 مارچ سے پاکستان میں داخل ہو چکا ہے اور سب سے پہلے بلوچستان میں اثر دکھایا، جہاں مختلف علاقوں میں بارش اور تیز ہوائیں ریکارڈ کی گئیں۔ یہ سلسلہ بتدریج ملک کے شمالی، مغربی اور مشرقی حصوں کی جانب بڑھ رہا ہے۔
انجم کے مطابق، 26 مارچ کو کراچی کے شمال مغربی علاقوں میں گرج چمک اور ہلکی بارش کے ساتھ تیز ہواؤں کا امکان ہے، جبکہ سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی ہلکی سے معتدل بارش متوقع ہے۔ اس کے علاوہ، بالائی بلوچستان، خیبر پختونخوا، خطہ پوٹھوہار اور مشرقی پنجاب میں زیادہ بارش کا امکان ہے۔ لاہور، سیالکوٹ، مردان اور ایبٹ آباد کے علاقوں میں کہیں کہیں تیز بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ہے۔
انجم نذیر کے مطابق، 27 مارچ سے یہ سسٹم شدت اختیار کرے گا، جس کے نتیجے میں شمالی علاقوں میں بارش میں اضافہ ہوگا، جبکہ کراچی اور سندھ کے دیگر حصوں میں 28 اور 29 مارچ کو بھی بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے، خاص طور پر کمزور تعمیرات، دیواروں، سولر پینلز اور دیگر کمزور ڈھانچوں والے علاقوں میں۔ زرعی شعبے کے لیے بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے کیونکہ ملک کے مختلف حصوں میں گندم کی کٹائی کا موسم جاری ہے اور بارش یا ژالہ باری فصلوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔
انجم نذیر نے بتایا کہ فروری اور مارچ کے ابتدائی دنوں میں معمول سے تین سے نو ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث حالیہ موسمی شدت میں اضافہ ہوا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





