ریٹائر منٹ سے متعلق ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) نے ریٹائرمنٹ کے بعد مستقل آمدنی کو یقینی بنانے کے لیے نئی اینیوٹی مصنوعات کی منظوری دے دی ہے۔ ان مصنوعات کے تحت ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے بعد مستقل آمدن کے نئے ذرائع فراہم کیے جائیں گے۔

ایس ای سی پی کے مطابق نئی مصنوعات میں لائف کنٹیجنٹ، ڈیفرڈ اور گارنٹیڈ پیمنٹ اینیوٹیز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ہائبرڈ اینیوٹی اسکیمیں بھی متعارف کرائی گئی ہیں جو صارفین کو عمر بھر آمدن کے ساتھ ساتھ یقینی ادائیگیوں کی سہولت فراہم کریں گی۔

اعلامیے کے مطابق ان اسکیموں کے ذریعے ریٹائر ہونے والے افراد اپنی جمع شدہ بچت کو مستقل ماہانہ آمدنی میں تبدیل کر سکیں گے، جس سے انہیں ریٹائرمنٹ کے بعد مالی استحکام حاصل ہو گا۔

ایس ای سی پی کا کہنا ہے کہ نئی اینیوٹی مصنوعات مہنگائی اور بڑھتی ہوئی اوسط عمر کے باعث پیدا ہونے والی مالی مشکلات کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔ یہ مصنوعات روایتی انشورنس اور تکافل دونوں نظاموں میں دستیاب ہوں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

ایس ای سی پی کے مطابق اس اقدام کا مقصد پاکستان کے ریٹائرمنٹ سسٹم کو مزید مستحکم اور معیاری بنانا ہے تاکہ شہریوں کو مستقبل میں بہتر مالی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close