حکومت کا بڑا فیصلہ: سرکاری گاڑیوں کے فیول کوٹے میں کمی

پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری اخراجات کم کرنے کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے سرکاری گاڑیوں کے فیول کوٹے میں 25 فیصد کمی کر دی ہے۔

اس حوالے سے محکمہ انتظامیہ کی جانب سے تمام سرکاری محکموں کو باضابطہ مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔ جاری کردہ خط کے مطابق صوبائی وزراء، مشیروں اور معاونین خصوصی کا ماہانہ فیول کوٹہ 390 لیٹر سے کم کر کے 292 لیٹر مقرر کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اور سیکرٹری خزانہ کے لیے فیول کوٹہ 146 لیٹر سے گھٹا کر 98 لیٹر کر دیا گیا ہے۔

مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ انتظامی سیکرٹریز، کمشنرز اور ڈی آئی جیز کا کوٹہ 114 لیٹر سے کم کر کے 85 لیٹر کر دیا گیا ہے، جبکہ گریڈ 20 اور اس سے اوپر کے افسران کے لیے فیول کوٹہ 98 لیٹر سے کم کر کے 74 لیٹر مقرر کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز اور ایس پیز کا ماہانہ فیول کوٹہ 104 لیٹر سے کم کر کے 78 لیٹر کر دیا گیا ہے۔ سیکرٹریٹ میں ڈپٹی سیکرٹری اور اس سے اوپر کے افسران کے لیے فیول کوٹہ 85 لیٹر سے کم کر کے 64 لیٹر مقرر کیا گیا ہے۔

مراسلے کے مطابق ڈویژنل ڈائریکٹرز اور دیگر ڈویژنل افسران کے لیے فیول کوٹہ 72 لیٹر سے کم کر کے 54 لیٹر کر دیا گیا ہے، جبکہ اسلام آباد میں واقع خیبرپختونخوا ہاؤس کے لیے فیول کوٹہ 715 لیٹر سے کم کر کے 535 لیٹر مقرر کیا گیا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close