پٹرولیم مصنوعات بحران ، سرکاری محکموں کیلئے اہم منصوبہ تیار

پٹرول بحران کے پیش نظر پنجاب میں سرکاری محکموں کے لیے کفایت شعاری کا منصوبہ تیار کر لیا گیا ہے۔ بڑھتی ہوئی پٹرول قیمتوں کے باعث حکومت نے ایندھن بچت پروگرام پر غور شروع کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب میں سرکاری افسران کے پٹرول الاؤنس میں 30 فیصد تک کمی کی تجویز زیر غور ہے۔ اس حوالے سے حکومت کو ایندھن کی بچت کے لیے اہم سفارشات پیش کر دی گئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سرکاری افسران کے پٹرول کے استعمال میں کمی لانے کے لیے مختلف تجاویز دی گئی ہیں تاکہ سرکاری اخراجات میں کمی لائی جا سکے۔ اس مقصد کے لیے نئے اقدامات زیر غور ہیں۔

اسی طرح پنجاب میں سرکاری اداروں میں جنریٹر کے استعمال سے متعلق بھی مختلف تجاویز پر غور کیا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق جنریٹر کے لیے استعمال ہونے والے پٹرول اور ڈیزل پر کیپ لگانے کی سفارشات بھی پیش کی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ پٹرول کی قیمتوں میں اضافے سے معاشرے کا ہر طبقہ متاثر ہو رہا ہے۔ بڑھتی ہوئی ایندھن قیمتوں نے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے اخراجات میں اضافہ کیا ہے بلکہ اشیائے خوردونوش اور دیگر ضروریات زندگی کی قیمتوں پر بھی براہ راست اثر ڈالا ہے۔

ماہرین کے مطابق پٹرول مہنگا ہونے سے مال برداری کے اخراجات بڑھ جاتے ہیں جس کے نتیجے میں سبزی، پھل، آٹا اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتیں بھی بڑھ جاتی ہیں۔ اس صورتحال کا سب سے زیادہ بوجھ متوسط اور کم آمدنی والے طبقے پر پڑتا ہے۔

ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے سے طلبہ، مزدور اور روزانہ سفر کرنے والے افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔ اسی طرح کاروباری سرگرمیوں کے اخراجات بڑھنے سے چھوٹے تاجروں اور صنعتکاروں پر بھی دباؤ بڑھ رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close