صوبے کے تمام اضلاع میں’ اینٹی ڈرون یونٹ‘ قائم کرنے کا فیصلہ

لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے کے تمام اضلاع میں اینٹی ڈرون یونٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر ملکی تاریخ میں پہلی بار پنجاب کے تمام اضلاع میں اینٹی ڈرون یونٹس قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ اینٹی ڈرون یونٹ سپیشل ڈرون فلیٹس کی مدد سے اپنے متعلقہ ضلع کی فضائی نگرانی کریں گے۔ اس مقصد کے لیے ہر ضلع میں اینٹی ڈرون سسٹم بھی فراہم کیا جائے گا۔

ترجمان نے بتایا کہ ہر ضلع کے ڈی پی او کی سربراہی میں اینٹی ڈرون یونٹ اور اینٹی ڈرون سسٹم قائم کیے جائیں گے۔ اینٹی ڈرون سسٹم جیمرز کی مدد سے دشمن اور شرپسند عناصر کے ڈرونز کو ناکارہ بنائیں گے۔

ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ فضائی نگرانی، عوامی حفاظت اور امن و امان کے لیے پولیس کی استعداد میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ اینٹی ڈرون یونٹ اور اینٹی ڈرون سسٹم تیار کرنے کا فیصلہ جدید دور کے انسداد دہشت گردی کے تقاضوں اور امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ ہر ضلع کی ضرورت کے مطابق سرویلنس ڈرونز اور اینٹی ڈرون سسٹم فراہم کیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ پنجاب بھر میں آؤٹ ڈور ڈرون اڑانے پر پہلے ہی دفعہ 144 نافذ ہے۔ حکومت پنجاب نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر عوامی سطح پر ڈرون کے استعمال پر پابندی عائد کی تھی۔ قانون نافذ کرنے والے اور انٹیلی جنس ادارے اس پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔ ترجمان نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ہر صورت ڈرون اڑانے پر عائد پابندی پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔

انہوں نے بتایا کہ عوامی تحفظ، امن و امان کا قیام اور املاک کی حفاظت حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close