لاہور: سرکاری محکموں کی نگرانی کے لیے قائم کردہ سی ایم آئی ٹی (چیف منسٹر انسپکشن ٹیم) کے لیے 98 کروڑ 84 لاکھ روپے کے بجٹ کی منظوری دے دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق اس سے قبل اس منصوبے کے لیے 70 کروڑ روپے کا تخمینہ لگایا گیا تھا تاہم اضافی آسامیوں کی تخلیق اور گاڑیوں کی خریداری سمیت دیگر اخراجات کے باعث بجٹ میں اضافہ کیا گیا۔
حکام کے مطابق سی ایم آئی ٹی کے دائرہ کار میں توسیع کے منصوبے کی بھی منظوری دی گئی ہے جس کے تحت تین علاقائی دفاتر قائم کیے جائیں گے جبکہ 124 نئی آسامیاں بھی تخلیق کی جائیں گی۔
رپورٹ کے مطابق محکمانہ کارروائی کے لیے انسپکشن نظام کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے 40 اسسٹنٹ ڈائریکٹر انسپکشن تعینات کیے جائیں گے جبکہ ہیڈکوارٹرز کے لیے مزید 12 آسامیاں شامل کی گئی ہیں۔
مزید برآں سی ایم آئی ٹی سیکرٹری کی پوسٹ کو گریڈ 18 سے مستقل طور پر گریڈ 19 میں اپ گریڈ کرنے کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔ سی ایم آئی ٹی افسران کے لیے یونیفارم کے ڈیزائن کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
حکام کے مطابق نگرانی اور انسپکشن کے مؤثر نظام کے لیے تمام سرکاری محکموں کا ڈیٹا بھی جمع کیا جائے گا تاکہ شفافیت اور احتساب کے عمل کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





