مانسہرہ: خیبرپختونخوا کے ضلع مانسہرہ کے معروف ٹک ٹاکر جاوید المعروف مہانڈری کو افطار سے قبل ایک مذاق کرنے پر گولی مار کر قتل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ضلع مانسہرہ کے علاقہ بالاکوٹ میں ٹک ٹاکر جاوید مہانڈری اپنے کچھ دوستوں کے ہمراہ دریا کے کنارے افطار کرنے پہنچے۔ اس دوران ٹک ٹاکر نے آنے والے ایک دوست سے مذاق میں کچھ کہا۔
سوشل میڈیا پر واقعے کی ویڈیو وائرل ہو گئی ہے جس میں بظاہر ماحول دوستانہ دکھائی دے رہا تھا۔ دوستوں میں مذاق جاری تھا کہ اسی دوران وہاں موجود ایک دوست نے پستول نکال کر فائر کر دیا۔ گولی لگنے سے ٹک ٹاکر زمین پر گر گیا اور بعد ازاں اسپتال میں دم توڑ گیا۔
اطلاعات کے مطابق مبینہ ملزم پولیس کا حاضر سروس ملازم ہے جو واردات کے بعد موقع سے فرار ہو گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق پولیس اہلکار کا خیال تھا کہ ہتھیار خالی ہے، مگر چیمبر میں موجود گولی مہانڈری کے لیے مہلک ثابت ہوئی۔
جاوید مہانڈری کے قتل کی اطلاع ملتے ہی لواحقین اور علاقہ مکینوں نے پولیس کے خلاف شدید احتجاج شروع کر دیا۔ مظاہرین نے کاغان شاہراہ بند کر کے واقعہ میں ملوث افراد کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ مشتعل مظاہرین نے انتظامیہ کے ساتھ مذاکرات ناکام ہونے کے بعد بالاکوٹ پولیس اسٹیشن میں توڑ پھوڑ بھی کی اور عمارت کو نذر آتش کر دیا۔
واضح رہے کہ بالاکوٹ کے رہائشی جاوید مہانڈری علاقے میں اپنی حس مزاح کی وجہ سے مشہور تھے۔ وہ اپنی باتوں اور حرکتوں سے بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں کے چہروں پر مسکراہٹ بکھیرنے میں ماہر تھے۔ جاوید مہانڈری ٹک ٹاک اسٹار بھی تھے، ان کی مزاحیہ ویڈیوز ان کے قریبی ساتھی ٹک ٹاک پر اپ لوڈ کیا کرتے تھے جو ہزارہ ڈویژن میں بہت زیادہ مقبول تھیں۔
بالاکوٹ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او سید اسرار شاہ کے مطابق وائرل ویڈیو کے ذریعے ملزم کی شناخت ہو چکی ہے جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور ملزم کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا اسمبلی کے اسپیکر بابر سلیم سواتی نے بھی افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ مہانڈری ایک دوستانہ اور مقبول شخصیت تھے جن کی موت انتہائی تشویشناک ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






