چین نے ایران پر امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے بعد فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مزید کشیدگی پورے خطے کو عدم استحکام سے دوچار کر سکتی ہے۔
چین کی وزارت خارجہ نے حملوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کا احترام کیا جانا چاہیے اور تمام فریقین کو تحمل سے کام لیتے ہوئے کشیدگی میں اضافہ نہیں کرنا چاہیے بلکہ مذاکرات اور سفارتکاری کی طرف واپس آنا چاہیے۔
امریکا اور اسرائیل نے ایران کی عسکری صلاحیتوں کو نشانہ بناتے ہوئے حملے کیے جن کے بارے میں ایرانی سرکاری میڈیا نے بتایا کہ اس کارروائی میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای شہید ہو گئے۔
چین نے خطے میں موجود اپنے شہریوں کے لیے سفری ہدایات جاری کرتے ہوئے اسرائیل میں قائم چینی سفارت خانے کی جانب سے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے یا ممکنہ صورت میں مصر جانے کے لیے طابا بارڈر کراسنگ استعمال کرنے کی ہدایت دی ہے۔
چین کی وزارت خارجہ نے ایران میں موجود اپنے شہریوں کو بھی جلد از جلد ملک چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے اور زمینی راستوں کے طور پر آذربائیجان، آرمینیا، ترکی اور عراق کا ذکر کیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






