صوبہ پنجاب میں مالی سال کی پہلی ششماہی کے دوران ٹیکس آمدنی 227 ارب 85 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے، جبکہ صوبے کی مجموعی سالانہ ٹیکس آمدنی کا ہدف 527 ارب 70 کروڑ روپے مقرر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے ہدف حاصل نہ کرنے والے محکموں کو کارکردگی بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بجٹ اہداف ہر صورت پورے کیے جائیں۔
اعداد و شمار کے مطابق توانائی اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں کی کارکردگی انتہائی کم رہی۔ چھ ماہ کے دوران ان دونوں شعبوں سے محض 78 کروڑ روپے ٹیکس وصول کیا جا سکا، جبکہ ان کے لیے سالانہ ہدف 9 ارب 70 کروڑ روپے مقرر ہے۔
بورڈ آف ریونیو پنجاب کا سالانہ ہدف 105 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے، تاہم ادارہ پہلی ششماہی میں صرف 35 ارب 69 کروڑ روپے اکٹھے کر سکا۔
پنجاب ریونیو اتھارٹی نے سب سے نمایاں کارکردگی دکھاتے ہوئے چھ ماہ میں 147 ارب روپے جمع کیے، جبکہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب نے 70 ارب روپے کے ہدف میں سے 43 ارب 41 کروڑ روپے وصول کیے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ باقی مدت میں ٹیکس وصولی کے عمل کو مزید تیز کیا جائے گا تاکہ مقررہ بجٹ اہداف حاصل کیے جا سکیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





