استاد دورانِ لیکچر جان کی بازی ہار گئے

استاد دورانِ لیکچر جان کی بازی ہار گئے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ مظفرگڑھ کے علاقے شاہ جمال سے تعلق رکھنے والے استاد نیاز احمد دل کا دورہ پڑنے کے باعث دورانِ لیکچر جان کی بازی ہار گئے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق نیاز احمد لاہور کے ایک معروف اسکول میں ایک تربیتی سیشن کے دوران لیکچر دے رہے تھے کہ اچانک اُنہیں شدید سینے میں درد محسوس ہوا، چند لمحوں میں وہ زمین پر گر گئے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔یہ واقعہ ناصرف تعلیمی حلقوں میں دکھ اور افسوس کا باعث بنا بلکہ عوامی سطح پر بھی تشویش پیدا کر رہا ہے،

گزشتہ کچھ عرصے میں پاکستان میں دل کے اچانک دورے کے کئی واقعات رپورٹ ہو چکے ہیں، جس میں نوجوان اساتذہ، طلبا اور پروفیشنلز کی اموات شامل ہیں۔سال 2023ء میں کراچی کے ایک ہاسٹل میں بھی ایک طالبعلم دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا تھا، اُس کی لاش باتھ روم سے ملی تھی۔ ماہرین کے مطابق دل کا اچانک دورہ اس وقت ہوتا ہے جب دل کی دھڑکن کی رفتار یا ترتیب میں خرابی آ جاتی ہے، جس کے باعث انسان کی سانس بند ہو جاتی ہے اور وہ بےہوش ہو جاتا ہے جبکہ فوری طبی امداد نہ ملنے کی صورت میں چند ہی منٹوں میں موت واقع ہو سکتی ہے۔ماہرین امراض قلب کے مطابق ہارٹ اٹیک خون کی روانی میں رکاوٹ کی وجہ سے ہوتا ہے، جبکہ کارڈیک اریسٹ خون کی روانی سے براہ راست متعلق نہیں ہوتا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close