ماں نے 8 سالہ معصوم بیٹی کو قتل کر دیا، شرمناک وجہ بھی سامنے آ گئی

منڈی بہاءالدین :پنجاب کے ضلع منڈی بہاءالدین کے علاقے مراد وال میں دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک خاتون نے مبینہ طور پر دوسری شادی کے لیے اپنی 8 سالہ بیٹی کو قتل کر دیا۔

پولیس کے مطابق، دو روز قبل بچی کے لاپتہ ہونے کی اطلاع دی گئی تھی، جس کے بعد تلاش شروع کی گئی۔ تاہم گزشتہ روز بچی کی لاش ایک قریبی کھیت سے برآمد ہوئی۔ ابتدائی طور پر اغوا کا شبہ ظاہر کیا گیا، مگر تحقیقات کے دوران اہم شواہد سامنے آنے پر بچی کی والدہ کو حراست میں لیا گیا۔

تفتیش کے دوران خاتون نے اعتراف کیا کہ اس نے دوسری شادی کی راہ ہموار کرنے کے لیے اپنی بیٹی کو قتل کیا اور بعد ازاں اغوا کا ڈرامہ رچایا تاکہ شک کسی اور پر جائے۔ پولیس کے مطابق ملزمہ سے مزید تفتیش جاری ہے جبکہ واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی پولیس افسر سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کیا جائے اور واقعے میں ملوث افراد کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close