لاہور ( پی این آئی )وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر جیل ریفارمز کے حوالے سے مثالی پیشرفت سامنے آئی ہے اور سزا یافتہ قیدیوں کو انکے متعلقہ ضلع کی جیل میں رکھنے کا اصولی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ داخلہ پنجاب نے سزا یافتہ قیدیوں کو اپنے ضلع کی جیل میں رکھنے کی پالیسی بنا لی ہے۔ محکمہ داخلہ نے قیدیوں کو انکے ضلع کی جیل میں بھیجنے کا طریقہ کار طے کرنے کیلئے ہائی پاور کمیٹی تشکیل دیدی ہے جو ایک ہفتے میں اپنی سفارشات اور لائحہ عمل طے کریگی۔ کمیٹی میں ڈپٹی سیکرٹری (پریزن) ہوم ڈیپارٹمنٹ، ڈی آئی جی پریزن سرگودھا ریجن، ڈی آئی جی پریزن ڈی جی خان ریجن، اے آئی جی جوڈیشل انسپکٹریٹ آف پریزن پنجاب، سپرنٹنڈنٹ سینٹرل جیل فیصل آباد اور سیکشن آفیسر ہوم ڈیپارٹمنٹ شامل ہیں۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ ماضی میں 5 سال سے زائد قید کی سزا پانے والے اسیران کو اپنے اضلاع کی بجائے سینٹرل جیلوں میں رکھا جاتا تھا۔ گھر سے دور قید کاٹنے والے اسیران کے والدین اور اہل خانہ قیدی سے ملاقات کیلئے شدید مالی و دیگر مشکلات کا سامنا کر رہے تھے اور اس حوالے سے محکمہ داخلہ کو شکایات موصول ہو رہی تھیں جس کے پیشِ نظر سیکرٹری داخلہ پنجاب نور الامین مینگل نے پالیسی میں تبدیلی کا فیصلہ کیا اور کمیٹی تشکیل دی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں