لاہور (پی این آئی) حکومت پنجاب نے قومی معدنی ذخائر اور ماحول کے تحفظ کیلئے احسن اقدام اٹھایا ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ضلع اٹک میں سونے سمیت تمام معدنیات کی بغیر اجازت کان کنی پر دفعہ 144 کے تحت 3 ماہ کیلئے پابندی عائد کر دی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق ضلع اٹک میں دریائے سندھ کے اطراف سونے سمیت تمام معدنیات کی بلا اجازت کھدائی اور کان کنی پر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ آرڈرز کے مطابق دریائے سندھ کے اطراف کان کنی یا کھدائی کی مشینری کی نقل و حمل پر بھی 90 یوم کیلئے پابندی عائد کی گئی ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ پلیسر گولڈ قومی خزانے کیلئے اہم ترین معدنیات میں سے ایک ہے اور اٹک کی حدود میں دریائے سندھ کے اطراف پلیسر گولڈ کی غیر قانونی مائیننگ کی شکایت موصول ہوئی۔ محکمہ مائنز اینڈ منرلز کی درخواست پر محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں