کار حادثے میں شدید زخمی ہونیوالے کرکٹر نے نیا ریکارڈ بنا دیا

اسلام آباد (پی این آئی)کسی بھی کھلاڑی کیلئے سب سے اہم اس کی فٹنس ہوتی ہے اور اگر وہ اپنے کیریئر میں کسی خطرناک حادثے کا شکار ہوجائے تو دوبارہ اپنے کھیل کو جاری رکھنا اور پھر سے شاندار کارکردگی دکھانا کافی مشکل ہوتا ہے۔

آج ہم آپ کو ایک ایسے ہی کرکٹر کے بارے میں بتارہے ہیں جو ایک خطرناک کار حادثے میں شدید زخمی ہوا لیکن اس نے ہمت نہیں ہاری اور میدان میں واپسی کی اور اب ایک ورلڈ ریکارڈ بھی بنا دیا ہے۔اگر آپ کے ذہن میں بھارتی کرکٹر رشبھ پنت کا نام آرہا ہے تو آپ غلط ہیں، پنت بھی خطرناک کار حادثے میں زخمی ہوئے تھے اور کچھ عرصہ کرکٹ سے دور ہونے کے بعد دوبارہ فیلڈ پر اترے اور اپنی ٹیم کے لیے بہترین کارکردگی دکھا رہے ہیں ۔لیکن ہم جس کرکٹر کی بات کررہے ہیں ان کا تعلق ویسٹ انڈیز سے ہے۔

جی ہاں! ویسٹ انڈیز کے کرکٹر نکولس پورن جو 2015 میں ایک خظرناک کار حادثے میں زخمی ہوئے تھے، انہوں نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں چھکوں کا نیا ریکارڈ بنا دیا ہے۔ نکولس پورن ایک کلینڈر ائیر میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں 150چھکے مارنے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔انہوں نے یہ کارنامہ منگل کو کیریبیئن پریمیئر لیگ کے میچ میں سر انجام دیا۔نکولس پورن نے 2024 میں اب تک 63 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 151 چھکے مارے ہیں جو دنیا میں کسی بھی بیٹر کے ایک سال میں اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ چھکے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں