ویب ڈیسک (پی این آئی)بنگلادیشی آل راؤنڈر شکیب الحسن پر گزشتہ روز ڈھاکا میں درج ہونے والے قتل کےمقدمے پر وکیل محمود عالم نے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کو لیگل نوٹس بھجوادیا۔
خیال رہےکہ بنگلا دیش کے اسٹار کرکٹ آل راؤنڈر اور عوامی لیگ سے تعلق رکھنے والے سابق رکن اسمبلی شکیب الحسن پر ڈھاکا میں قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔بنگلادیشی میڈیا کے مطابق شکیب الحسن پر ڈھاکا میں گارمنٹ فیکٹری کے ملازم کے قتل کا الزام عائدکیا گیا ہے، مقتول کے والد نے ڈھاکا کے تھانے میں شکیب الحسن کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرایا۔میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ کرکٹر شکیب الحسن کو سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کے ساتھ مقدمہ قتل میں نامزد کیا گیا ہے۔
وکیل کی جانب سے بی سی بی کو بھجوائےگئے لیگل نوٹس میں کہا گیا ہےکہ شکیب الحسن کو تحقیقات کے لیے واپس بنگلادیش بلایا جائے۔نوٹس میں کہا گہا ہے کہ شکیب الحسن کو فوری طور پر ٹیم سے نکال کر واپس بنگلا دیش بلایا جائے، آئی سی سی رول کے مطابق مقدمے میں نامزدگی کے بعد شکیب قومی ٹیم میں کھیلنے کےاہل نہیں ہیں۔خیال رہے کہ شیخ حسینہ واجد 5 اگست کو طلبا احتجاج کے باعث وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دیکر بھارت فرار ہو گئی تھیں جہاں وہ اب تک قیام پذیر ہیں جبکہ شکیب الحسن پاکستان کے خلاف راولپنڈی ٹیسٹ میں اپنی قومی ٹیم کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں