لاہور (پی این آئی ) صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے لاہور سمیت پنجاب بھر میں 25 جولائی تک بارشوں کا سپیل جاری رہنے کا امکان ظاہر کر دیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ 25 جولائی تک لاہور سمیت پنجاب بھر میں مون سون بارشوں کا سپیل جاری رہے گا، صوبے کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کے امکانات ہیں، 23 سے 24 جولائی کے دوران جنوبی پنجاب کے بیشتر اضلاع میں آندھی اور تیز بارشیں متوقع ہیں۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کا کہنا ہے کہ بارشوں سے گرمی اور حبس کی شدت میں کمی ہوگی، بڑے شہروں کی انتظامیہ الرٹ رہے اور پیشگی انتظامات مکمل کئے جائیں، طوفان سے بجلی کے کھمبوں، سولر پلیٹوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ موسمی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا گیا۔ عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات کے مطابق متعلقہ محکمے الرٹ رہیں، نشیبی علاقوں سے پانی کی نکاسی کو جلد ازجلد یقینی بنایا جائے، پی ڈی ایم اے کنٹرول روم 24 گھنٹے موسمی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے، عوام الناس سے التماس ہے حکومتی ہدایات پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں