لاہور(آئی این پی)پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیتوں کا سلسلہ جاری ہے، سابق ارکان اسمبلی سمیت درجنوں سرکردہ سیاسی شخصیات مسلم لیگ ن میں شامل ہو گئیں۔سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ(ن)کے صدر شہباز شریف سے ملاقات میں سابق ارکان اسمبلی اور سیاسی شخصیات نے شمولیت کا اعلان کیا، مولانا ایم آصف معاویہ، بابر خان سیال، مسز نیلم سیال، مہر اسلم بھروانہ، شیخ ایم یونس، خالد محمود سرگانہ مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو گئے۔
چودھری خالد غنی، امیر عباس سیال، فیصل حیات جبوانہ، شیخ یعقوب، مسز شیخ یعقوب، رئیس محمد ابراہیم بھی مسلم لیگ (ن) میں شامل ہوگئے، مزاری قبیلے کی سرکردہ سیاسی شخصیت سردار ریاض خان مزاری اور سابق سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد خان مزاری نے بھی مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔شہباز شریف نے مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والوں کا خیر مقدم کیا اور مبارک دی، انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) ایک گھر ہے جو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کی ضمانت ہے، آپ کی شمولیت سے پاکستان کی ترقی کا سفر تیز ہو گا۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ مہنگائی سے عوام کو نجات دلانے کے لئے ہم نے نواز شریف کے ہاتھ مضبوط کرنے ہیں، پاکستان کو معاشی طور پر پیروں پر کھڑا کرنے کی جدوجہد سب مل کر کریں گے، پاکستان کو درپیش بحرانوں کا مقابلہ اتحاد، اتفاق اور سیاسی تعاون کی قوت سے کریں گے۔سابق ارکان اسمبلی نے پارٹی قائد محمد نواز شریف اور صدر شہباز شریف پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ قائد محمد نواز شریف اور شہباز شریف نے پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور عوام کے ریلیف کے لئے ہمیشہ دیانتداری اور خلوص سے کام کیا۔اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ، سردار ایاز صادق اور سردار اویس خان لغاری بھی موجود تھے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں