سیالکوٹ (آئی این پی ) مسلم لیگ(ن) کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نواز شریف کی واپسی میں چند دن رہ گئے ہیں، نواز شریف جب بھی آئے انہوں نے معیشت کو مضبوط کیا، اب نواز شریف وزیر اعظم بن کر ووٹ کی عزت کو بحال کرے گا،2018کے الیکشن میں ووٹ کی عزت کو پامال کیا گیا۔سیالکوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ نواز شریف کی جلاوطنی بھی لوگوں کے دلوں سے محبت ختم نہ کرسکی، ظلم کے باوجود چٹان کی طرح نواز شریف اور اس کا ورکر کھڑا رہا۔
انہوںنے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھی ووٹ کو عزت تھی، شہباز شریف نے جس طرح حکومت چلائی میں اس کا عینی شاہد ہوں۔انہوں نے کہا کہ حالات آہستہ آہستہ بہتر ہو رہے ہیں، آج جن حالات میں گھرے ہیں اس میں اشرافیہ کا حصہ ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ 9 مئی کو جو ہوا، ایسا نہ کبھی ہوا اور نہ دیکھا، بینظیر شہید ہوگئیں، نواز نے جلاوطنی کاٹی لیکن 9 مئی جیسا کسی نے نہیں سوچا۔انہوںنے کہا کہ ہم ووٹوں کے ساتھ اقتدار میں آئے لیکن سازشیں جاری رہیں، ہم نے ان سازشوں کا اسمبلیوں اور گلی محلوں میں مقابلہ کیا، وطن عزیز کے ساتھ 75 سالوں میں جو کچھ ہوا وہ قابل فخر بات نہیں، آج جن حالات میں کھڑے ہیں ان میں اشرافیہ کا حصہ ہے، ایک ادارہ ایسا ہے جس کے متعلق کہا جاتا ہے کہ وہاں انصاف کا بول بالا ہوتا رہے تو کوئی کچھ نہیں کر سکتا۔انہوں نے کہا کہ آج ہمارے مسائل میں جہاں سب نے حصہ ڈالا ہے جتنا عدلیہ نے ڈالا ہے اتنا کسی نے نہیں ڈالا، عدلیہ نے نیا سفر شروع کیا ہے اس میں انصاف بھی نظر آرہا ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ تمام کارکن اکیس اکتوبر کو قائد کے استقبال کے لئے لاہور پہنچیں، نواز شریف ووٹ کی عزت کو بحال کر کے چوتھی دفعہ وزیر اعظم بنے گا، 2018کے الیکشن میں ووٹ کی عزت کو پامال کیا گیا مگر اب نواز شریف وزیر اعظم بن کر ووٹ کی عزت کو بحال کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ایک بدعنوان حکومت جو چور دروازے سے اقتدار میں آئی اسے ہٹایا گیا، پھر شہباز شریف نے چودہ ماہ جو حکومت کی اسکا میں شاہد ہوں، اس دور اقتدار میں ایسا لگتا تھا کہ آج حکومت گئی۔لیگی رہنما نے کہا کہ مہنگائی عروج پر ہے لیکن نواز شریف واپس آکر اس میں کمی کرے گا اور آہستہ آہستہ بہتری آئے گی نواز شریف کی واپسی سے معشیت میں بہتری آئے گی، اس ملک میں نواز شریف نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا ۔ مجھے یقین ہے جس سفر کا آغاز کیا ہے اسکی قیادت نواز شریف سنبھالیں گے وہ منزل پر ضرور پہنچے گا، ایسے حکمران نہ ہوں جو ذاتی مفاد کا تحفظ کرتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں