پاکستان کے مقبول ترین سیاسی قائد کون ہیں؟ بڑا دعویٰ کر دیا گیا

لاہور( آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان نے تحریک انصاف اور چیئرمین کے بغیر منصفانہ انتخابات کے حوالے سے نگران وزیراعظم کے بیان پر شدید رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نگران وزیراعظم کا بیان آئین و جمہوریت اور ملکی مفادات کے حوالے سے ریاستی ڈھانچے میں پائی جانے والی عدم حساسیت کا مظہر ہے، تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی اور وفاقی سطح پر عوام کی واحد نمائندہ سیاسی جماعت ہے۔

اپنے بیان میں ترجمان نے کہا کہ مقبولیت کے تمام معیارات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین بلاشرکت غیرے ملک کے مقبول ترین سیاسی قائد ہیں،نگران وزیراعظم کو معلوم ہونا چاہیے کہ پی ٹی آئی چیئرمین یا تحریک انصاف کی شمولیت کے بغیر کروایا گیا کوئی بھی الیکشن غیرآئینی، غیرقانونی اور غیراخلاقی ہوگا جسے عوام ہرگز قبول نہیں کریں گے، غیرمعمولی عوامی تائید کی حامل سیاسی قیادت اور جماعتوں کو مصنوعی، غیرجمہوری اور غیرآئینی طریقوں سے انتخاب سے باہر کرنے کے نتائج ہمیشہ تباہ کن ہوا کرتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ دستور، قانون، جمہوریت اور اخلاق نگران وزیراعظم کو سیاست و انتخاب پر اثرا انداز ہونے کے کسی غیرفطری، غیرجمہوری اور غیرآئینی منصوبے کا حصہ بننے کی ہرگز اجازت نہیں دیتے، انوارالحق کاکڑ اپنے بیان کی فوری وضاحت کریں اور بطور نگران وزیراعظم اپنی حکومت کو جمع تفریق کے شرانگیز منصوبوں سے مکمل الگ کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں