سیاسی وابستگی رکھنے والے نگران وزرا اور مشیروں کو ہٹانے کی ہدایت

اسلام آباد(آئی این پی)الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا کے متعدد وزرا، معاونین اور مشیروں کو ہٹانے کی ہدایت جاری کر دی۔سیکرٹری الیکشن کمیشن نے نگران وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کو خط لکھا ہے جس میں نگران وزرا، مشیران اور معاونین خصوصی کی جانب سے صوبے کے سیاسی امور میں مداخلت کا نوٹس لیتے ہوئے ان کو ہٹانے کی ہدایت کی ہے۔

خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے نوٹس میں آیا ہے کہ نگران کابینہ سیاسی وابستگیوں کی بنیاد پر تقرر کی گئی، جس کی مثال سابق نگران وزیر شاہد خٹک کا کیس ہے، اس کے علاوہ اور بھی وزرا نے اپنی پارٹی وابستگی تسلیم کی، شاہد خٹک نے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔خط میں کہا گیا کہ کچھ وزرا، مشیران، معاونین خصوصی سمیت دیگر کا رویہ الیکشن ایکٹ 2017 کے منافی ہے، الیکشن کمیشن درخواست کرتا ہے کہ ایسے وزرا، مشیران اور معاونین خصوصی کو ان کے عہدوں سے ہٹایا جائے تاکہ آنے والے انتخابات کا صاف و شفاف انعقاد یقینی بنایا جا سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close