پی ٹی آئی نے ملتان میں جلسے کی تاریخ کا اعلان کر دیا، عمران خان خطاب کریں گے

ملتان(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ چیئرمین عمران خان 10مئی کو ملتان میں جلسہ عام سے خطاب کرینگے،تفصیلات کے مطابق سابق وزیر خارجہ شاہ محمود ملتان پہنچے جہاں کارکنان نے ان کا فقیدالمثال استقبال کیا، شاہ محمود قریشی نے بابر چوک پر کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملتان کے منتخب نمائندوں نے ضمیر فروشی نہیں کی، وہ عمران خان کے ساتھ ڈٹے رہے، اخترملک،میاں طارق عبداللہ،حاجی سلیم یہ وہ سپوت ہیں جنہوں نے عوام کے ووٹ کااحترام کیا،

شاہ محمود قریشی نے اعلان کیا کہ سابق وزیراعظم عمران خان دس مئی کو ملتان میں جلسہ عام سے خطاب کرینگے اور کارکنان کا لہو گرمائیں گے، ملتان والوں تیار ہوجائو، ہمارا کپتان ملتان آرہا ہے، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جب بھی کوئی نئی حکومت آتی ہے تو اس کا استقبال ہوتاہے، تاریخ میں پہلی بارہے جو پارٹی رخصت ہوئی عوام اس کا پرتپاک استقبال کررہی ہے، یہ پریشان ہیں،جوڑ توڑ کرتے رہے، دس روز تک کابینہ نہیں بناسکے، مک مکاہوا، کابینہ بنی، مجھے اندر کی کہانی معلوم ہے،

پی ٹی آئی وائس چیئرمین نے حکومت کو خبردار کیا کہ جتنی مرضی تاخیر کرلیں، جو مرضی جبر دکھالیں، عوام انہیں مسترد کرچکی، پاکستان کی عوام اس امپورٹڈ حکومت کو مسترد کرچکی ہے،حکومت کی اتحادی جماعتوں کر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ن لیگ والے کہتے تھے کہ پیٹ چاک کرکے قوم کی لوٹی ہوئی دولت حاصل کرینگے، یہ ایک دوسرے کو کوستے رہے پھر ایک رات ایک دوسرے کیساتھ بیٹھ گئے،آج صورت حال یہ ہے کہ لوٹی ہوئی دولت حاصل کرتے کرتے اپنی صفوں میں شامل کرلیا اور بھٹوکانواسا، بینظیر کابیٹا، نواز شریف سے دس نشستوں کی خیرات مانگ رہاہے، شاہ محمودقریشی نے کہا کہ حکومت کو ختم کرنے کیلئے سازش کی گئی،

اس ٹولے کو قوم پر مسلط کرنیکی سازش کی گئی، اسی طرح عمران خان کو نااہل کرنیکی ایک اور سازش گھڑی جارہی ہے، سازش ہے کہ عمران خان کو نااہل قراردے کرپابندی لگادی جائے، سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی غیر جانبداری آج مشکوک ہوگئی، الیکشن کمیشن صرف پی ٹی آئی کیخلاف مقدمہ سن رہا ہے، یہ عجلت میں ہے، پی ٹی آئی کی پولیٹیکل کمیٹی نے فیصلہ کیاہے الیکشن کمیشن کے دفاتر کے باہراحتجاج ہوگا،ملتان کے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملتان کے غیور عوام نے دفاتر کے سامنے پرامن احتجاج ریکارڈکرواناہے، الیکشن جب بھی ہوں،عوام فیصلہ کرچکی ہے،اگلی باری پھرنیازی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں