اسلام آباد(آئی این پی)مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر و سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اگر ہم سازش میں ملوث ہیں تو آرٹیکل 6 لگادیں، عسکری قیادت بتادے کیا سازش میں اپوزیشن ملوث ہے، حکومت کی ملی بھگت سے آئین توڑا گیا ہے ان پر آرٹیکل 6لگائیں۔ منگل کو نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بات صرف ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ تک محدود نہیں ہے، سپریم کورٹ کو عسکری قیادت کو بھی بلانا چاہیے، تمام محرکات دیکھنے ہوں گے کہ آئین کو کیسے توڑا گیا۔
نواز شریف کے ڈیل کے تحت بیرون ملک جانے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ڈیل کو چھوڑیں، آئین توڑنے والوں پر آرٹیکل 6لگنا چاہیے، ماضی کی ڈیلز ہیں تو کمیشن بنادیں سارا سچ سامنے آجائے گا، موجودہ حکومت کو دھمکی دی گئی ہے تو انہیں سفیر کو نکالنا چاہیے تھا، ہم معاملے کی تہہ تک جانا چاہتے ہیں، آرٹیکل 6ہم پر لگے یا عمران خان پر لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ ہم نہیں مانیں گے تو دوسری کوئی چوائس نہیں ہے، آئین توڑا گیا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں